جاپان میں دو ہفتوں میں انے والے سمندر میں زلزلے
جاپان میں دو ہفتوں میں 900 زلزلے اور ’سمندر سے آنے والی عجیب آواز‘ نے لوگوں کی نیندیں اُڑا دیں

- کیلی این جی
- بی بی سی نیوز
جنوبی جاپان کے کم آبادی والے دور دراز جزیروں میں تقریباً دو ہفتوں میں 900 سے زیادہ زلزلے آ چکے ہیں جس کے سبب ان علاقوں کے رہائشی نہ صرف پریشان ہیں بلکہ سونے سے بھی قاصر ہیں۔
بدھ کو بھی ٹوکارا کے جزائر میں زلزلہ آیا تھا جس کی شدت ریکٹر سکیل پر پانچ اعشاریہ پانچ ریکارڈ کی گئی تھی۔ حکام کے مطابق 21 جون سے اب تک ان جزائر پر بار بار زلزلے محسوس ہو رہے ہیں۔
تاہم ان زلزلوں کے نتیجے میں اب تک کسی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں اور نہ ہی سونامی کی کوئی وارننگ جاری کی گئی ہے لیکن حکام نے ان جزائر کے رہائشیوں کو ضرورت پڑنے پر اپنے گھر چھوڑنے کی تیاری کرنے کا مشورہ ضرور دیا ہے۔
اس علاقے کے ایک مکین نے مقامی چینل ایم بی سی کو بتایا کہ ’ہمیں یہاں سونے میں بھی خوف محسوس ہو رہا ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے یہ علاقہ ہمیشہ ہلتا رہتا ہے۔‘
مقامی میڈیا کے مطابق ماضی میں بھی ٹوکارا میں زلزلے آ چکے ہیں لیکن اتنی بڑی تعداد میں زلزلے کے جھٹکوں کی ماضی میں بھی کوئی مثال نہیں ملتی۔

Comments
Post a Comment